Thursday, November 26, 2015

صحافت یا دکانداری ؟؟

صحافت  یا دکانداری  ؟؟


صحافت کے بارے میں عوام کی عمومی راۓ یہی ہے کہ یہ معلومات حاصل کرنے کا واحد طریقہ ہے اسکے  مقا صد میںعوام میں انصاف اور جمہوریت کے بارے میں  شعور اجاگر کیا جانابھی شامل ہےصحافییوں کی مستند تنظیموں کے مطابق صحافتی اقدارکا مطلب ھی صحافی  برادری کی طرف سے ایسی کوششیں ہیں جس میں اس بات کو یقینی بنایا جا  سکے کہ  معاشرے کے باشعور و  بے شعور ، تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ ہر دو قسم کے افراد کو معلومات کی فراہمی اس طرح یقینی بنائی جاۓ کہ یہ معلومات " غیر جانبدارانہ ، مکمل اور مستند " ہوں
سن ٢٠٠٢ کے بعد پاکستانیوں کا پیشہ ورصحافییوں اور روایتی تجزیہ کاروں کے علاوہ ایک نئی قسم سے پالا پڑا جسکو " اینکر پرسن " کا نام دیا جاتا ہے عالمی طور پرنیوزاینکرز کی بھی کچھ تعلیمی اور پیشہ وارانہ قابلیتیں ہوتی ہیں مثلا کسی بھی اینکر کو اپنے شو کی میزبانی اور ایڈیٹنگ کا 65 فیصد خود نبھانا ہے اسکی اپنی رپورٹنگ 25 فیصد ہوگی اور اپنے شو کا بقیہ انتظام  دس فیصد وغیرہ بھی وہ خود کرے گا اس تمام زمھداری کے دوران نیوزڈاریکٹر اسکی مدد کرے گا اپنے نیوز آئیٹم پر شو کے دوران ایک اینکر کو بے تکان ، بلاوجہ بولنے پر پزیرائی شاید ہمارے ملک میں تو مل جاتی ہے مگر  عالمی سطح پر اصل عزت افزائی کا موجب اینکر کی نیوز آئیٹم کے بارے میں مستند معلومات ، صحیح وقت کاتعین اور معلومات کا
صحیح استعمال ہے
خبریں سنانے والےاورانپر تجزیہ کرنے والے اینکرز کے لیے ضروری ہے کہ انکو مقامی  سے لے کر بین الا اقوامی سیاسیات ،قانون ،معا شیات اور ثقافت کا بھر پور علم ہو وہ بہترین صحافتی اقدار کا علم  رکھتے ہوں اور انپر عمل کرنے کی مسلسل کوشش کرتے رہیں
سیاسی شوز کے دوران انکو بہتر الفاظ کے چناؤ اور اپنے جذبات پر قابو رکھنے کا تجربہ بھی ہو اور اپنے پروگراموں میں موجود سیاسی شخصیات اور تجزیہ کاروں کو " قابو " میں رکھنے کا ہنر بھی جانتے ہوں
پروگرام کے دوران کبھی  بھی ایسا محسوس  نہیں ہونا چاہیے کہ  موڈریٹر کی کرسی پر اینکر نہیں بلکہ مرغے یا ریچھ اور کتے لڑانے والا مداری جلوہ افروز ہے
پاکستان کی صحافتی تاریخ  پر نظر ڈالیں تو آپکو فیلڈ رپورٹرز کے فرایض نبھاتے جانفشاں افراد بھی ملیں گے جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کراپنی  جان کی دشمن " سول ؤ ملٹری اشرفیہ " کے پول کھولے ، آپکو زیادہ سرکولیشن کی اخباروں میں لکھتے بکاؤ تجزیہ کار بھی ملیں گے جنہوں نے اپنی اولادوں کو ولایت میں تعلیم دینے کے لیے پاکستان کے نجات دھندہ ،منتخب جمہوری رہنماؤں کے خون میں ہاتھ ڈبوۓ اور پھر ہوا کا رخ بدلتے دیکھ کر جمہوریت کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو کر "پاک پوتر " ہونے کی بہترین اداکاری بھی کی
یہ مضمون بہت لمبا ہوسکتا ہے اورغیر دلچسپ بھی اس لیے میں اسکو طوالت اور آپکو بور ہونے سے بچانے کے لیے آج صرف کچھ سوالات  اٹھاؤں گی ، جواب میرے پاس بھی نہیں لحاظہ ایسے میں بہترین طریقہ ہے ڈیٹا کا تبادلہ ! میرے سوالات کے جواب ڈھونڈنا آپکا کام
سوالا ت   یہ ہیں  کہ اپنے فرایض منصبی  کے دوران جو فیلڈ رپورٹر  شہید کر دیے گیۓ وہ پاکستان کے کن علاقوں سے تعلق رکھتے تھے ؟  کیا وہ علاقے  الیکڑانک نیوز میڈیا کی پہنچ سے باہر ہیں ؟ اگر ان صحافیوں کو  ہم تک خاص  معلومات پہنچانے کی وجہ سے شہید کیا گیا تو کیا نیوز چینلز پر پرایم ٹائم کے دوران "دکانیں " سجانے  والے ہم تک وہ خبریں ، وہ معلومات نہیں پہنچا رہے اگر پہنچا رہے ہیں تو پھر کوئی انکو "شہید " کیوں نہیں کر رہا اور اگر نہیں پہنچا رہے تو کیوں نہیں پہنچا رہے؟ کیا یہ ممکن ہے کہ مین اسٹریم میڈیا ان خبروں سے لاعلم ہو ؟ اگر نہیں تو یہ صحافتی بد دیانتی کرنے والے اینکرز اپنے ارد گرد رہنے والے عوام کو اپنی بد دیانتی اور " کرپشن " کا کیا جواز دیتے ہیں ؟
ایسا تو نہیں کہ جان دینے والے رپورٹرز اور جوابداری کرنے والی عوام کسی اور علاقے کی مخلوق ہوں اور " صحافتی کرپشن " میں ملوث اینکرز اور انکے شوز میں مدعوہ ہونے والے نام نہاد "سینئیر تجزیہ کار " کسی اور "دیس " کے لا ؤ ڈ سپیکرز ہوں ؟
اعداد ؤ شمار آپکی خدمت میں پیش ہیں خود ھی ملاحظہ  فرمائیں ، میرے سوالات کے جواب آپکے پاس ہیں تو ارسال کریں ، تنقید اور ڈیٹا میں درستگی کو کھلے دل سے تسلیم کروں گی کیوں کہ میں کوئی "سینئیر یا جونیر تجزیہ کار یا لاکھوں کمانے والا ہیرو ٹائپ اینکر " نہیں جو سوال اور تنقید برداشت نہ کر پاؤں اور اپنے کو خدا یا اولیاء اللہ سمجھ کر مخلوق خدا کا منہ بند کر دوں  بلکہ میں ایک عام سی  انسان ہوں جس کا کام ھی لوگوں سے سیکھنا اور اپنی بساط بھر انکو سیکھانا ہے


ایک  بین الا اقوامی  تنظیم جس نے صحافیوں کے حقوق اور انکی آزادانہ رپورٹنگ کے تحفظ  کے لیےآواز اٹھانے کا بیڑا اٹھایا ہے، اس تنظیم نے سن ١٩٩٢ سے صحافیوں کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے دوران ہلاکتوں کا ریکارڈ جمع  کیا ہے اس تنظیم کےمطابق پاکستان سن ٢٠٠٠ سے  ٢٠١٤ تک ہمیشہ ھی 15 سرفہرست ممالک میں شامل رہا سن ٢٠١٠ اور ٢٠١١ میں یہ صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ممالک میں سر فہرست رہا ان دو برسوں میں اس ملک خدا داد میں بائیس  صحافی شہید کر دیۓ گئے
 ٢٠٠٨ میں پاکستان کے  6 صحافی قتل کر دیے گئے جن میں تین پشتون صحافی تھے اسی طرح سن ٢٠١٢ میں پاکستان اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا  آٹھ صحافی شہید کر دیے گئے 4  بلوچستان  ،تین سندھ اور ایک پختونخواہ  سےتعلق رکھتے تھے .سن ٢٠٠٩ اور ٢٠١٣ میں پاکستان اس خطرناک ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا اور یہاں ١٦ صحافیوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا جن میں اکثریت ہمارے پشتون صحافیوں کی تھی .سن ٢٠٠٩ میں  تقریبا '' پانچ صحافی خیبر پختونخواہ میں ٹارگٹ کیۓ گئے  ٢٠١٣ بھی صحافی برادری کے لیے خون آشام سال کہلایا چار شہید صحافیوں کا تعلق بلوچستان سے اور تین کا پختونخوا سے  تھا پچھلے سال یعنی ٢٠١٤ میں چار صحافی شہید کیۓ گیۓ جن میں سے تین کا
 بلوچستان اور ایک کا سندھ سے تعلق تھا

Population  Percentage of Provinces (on est Population 2012) & Percentage of Journalists Killed                 


اس ڈیٹا پر آپ ایک اچٹتی ہوئی نگاہ بھی ڈالیں تو شہید صحافیوں میں سب سے زیادہ تعداد پختونخواہ اور بلوچ صحافیوں کی  ملے گی . ایک مزید افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ پنجاب کے شہید ہونے والے رپورٹرز میں جن صحافیوں کو ٹارگٹ کیا گیا ان  میں سےاکثر کی رپورٹنگ اور تفتیشی صحافت کا تعلق بھی خیبر پختونخواہ ، بلوچستان اور کراچی سے تھا یعنی  خبروں کی حساسیت مخصوص  علاقوں سے وابستہ ہے یہ  پاکستان کے وہ علاقے ہیں جو چھوٹے صوبے یا سیاسی زبان میں "چھوٹے  بھائی " کہلاتے ہیں
 پاکستان کی آبادی کاتقریبا '' 49 فیصد ان تین صوبوں میں موجود ہے اور بقیہ 51 فیصد صوبہ پنجاب میں اور غور طلب بات  یہ ہے کہ ان تین صوبوں میں آبادی کم ہونے کے باوجود صحافیوں کے قتل کی فیصد وارداتیں  بہت زیادہ ہیں خاص کر کے بلوچستان میں جہاں کل پاکستانی آبادی کا  صرف  7  فیصد آباد  ہے
آئیے اب چلیں ٢٠٠٢ کے بعد  پاکستان میں آنے والے "انقلاب " کی طرف جسکا نام " آزاد میڈیا "رکھا گیا اور پاکستان کے طول ؤ وعرض میں موجود نہ ہونے کے باوجود وطن عزیز میں اسکے رعب داب کو عمومی طور پر چیلنج کرنے والا کوئی  دوسرا نہیں
اکثر چینلز پہلے سے جاری شدہ اخبارات کی ایکسٹینشن ہیں وہ اسی پالیسی کو اپنے الیکٹرانک چہرے پر بھی اچھی طرح "مل " لیتے  ہیں جو برس ہا برس  سے انکی اخبا رات کا حصہ ہے  مگر اسکے ساتھ ساتھ کیونکہ  ٹی وی ایک "تصویری میڈیا " ہے اس لیے اخبارات اور جرائد کے مقابلے میں یہ زیادہ "بازاری " ہے !معاف کیجیے گا آپکو میرے اس لفظ بازاری سے تکلیف محسوس ہو ئی ،دراصل پرنٹ میڈیا میں تو معلومات کے اضافے کے لیے کچھ خبریں شا ئع  ہوجاتی تھیں مگر الیکٹرانک نیوز میڈیا کسی فلم ، ڈرامے ، رنگ برنگے گانوں کی ویڈیوز کی طرح صرف اور صرف " بکنے " والی شے بن چکا ہے خبریں ہیں تو طنز ؤ مزا ح میں ڈوبی جگتیں ،  بیک گراونڈ  میں چلتے انڈین ؤ پاکستانی گانے ، جلتی پر تیل چھڑکتی جملے بازی یعنی بکنے والی ہر سوغات آپکو نیوز چینل پر مل سکتی ہے سواے آپکی معلومات میں اضافے کا با عث بننے والی حقیقت پر مبنی ، غیر جذباتی ، میعاری اور عوام کی نظر سے پوشیدہ رہ جانے والی خبریں
اب چونکہ میڈیا کی پہلی ترجیح " بکنا اور بکتے" ھی چلے جانا ہے لحاظہ  ایسی تمام معلومات کو زیر بحث نہیں لایا جاتا جو معلومات تو ہوں مگر بازار میں بکنے کا انکا کوئی خاص چانس نہ ہو بلکہ ایسی خبریں سنانے سے  ہوسکتا ہے میڈیا ہاؤس اور اسکے زیر کفالت امیر ؤ کبیر اخبار  ؤ چینل مالکان کے "نفع  میں نقصان " ہوجاۓ
جہاں صحافی موجود ہے اور جان سے جارہا ہے وہاں کی خبریں بکتی نہیں اور اسمیں مصالحہ موجود نہیں اور جہاں جان کا خطرہ نہیں وہاں  نام نہاد صحافی یعنی "اینکرز " زیادہ موجود ہیں
پچھلے ایک ہفتے کے مین اسٹریم نیوز میڈیا پر آنے والے پولیٹیکل شوز دیکھے جو شام کے آٹھ  اور رات کے دس بجے نشر کیۓ جاتے ہیں ، انمیں اکثرشوز ہر شہری گھرانے کا مرد ؤ زن ،بچے بوڑھے  شوق سے دیکھتے ہیں سوال ہے کہ یہ لوگ کون ہیں اگریہ اینکرز ہیں تو کیا عالمی میعار پر پورے اتر رہے ہیں ؟ اگر نہیں تو ان میں وہ کیا ہیرے جڑے ہیں جو انکی زندگیوں  کے ضامن ہیں جبکہ ان ھی  کی فیلڈ  سے متعلق صحافی سچی اور میعاری خبریں اکھٹی کرنے کے جرم میں دشمنوں کے ہاتھوں را ہی ملک عدم ہوگئے ؟
 سات دن میں  ٢٧ نیوز چینلز کے پرایم ٹائم شوز دیکھیں  اور اینکرز کی اہلیت جانچیں  ، اس  نیوز آئیٹم پر بھی غور فرمائیں جس کو پروگرام کا عنوان بنایا گیا ! ٨٠ سے ٩٥ فیصد اینکرز کا تعلق پاکستان کے مخصوص علاقوں سے ہے، انکی اکثریت بلوچستان ، اندرون سندھ اور قبائلی علاقوں کے بارے میں اتنا ھی جانتی ہے جتنا ایک پانچویں جماعت کا طالب علم، بی ا ے  فلسفہ کے کورس کے بارے میں ،انکی اہلیت یا  تو ایک طویل عرصے تک کسی اخبار سے وابستگی ہے یا طاقتور حلقوں کی آشیر با د  یا پھر ریچھ  اور کتے لڑا نے میں مہارت بھی ایسے شوز کرنے کا میرٹ بن گئی ہے، عنوانات کا تجزیہ کریں تو انڈیا سے کرکٹ کا جنگی جنون  ،عمران ریحام شادی ، عمران ریحام طلاق  ،محترمہ زمانی سے " اندر کی بات " اگلوانے کے لیے انٹرویوز ، آ یان  کی  میک اپ زدہ  پیشیاں ، نواز زرداری کرپشن کے گھسے پٹے افسانے ،  شکریہ راحیل کا دورہ امریکہ ، نندی پورمیں نیند کرتا  میاں  کرپشن میٹرو  " ملن " کے فوائد ،سندھ فیسٹیول پر تبرے ، میرا کی شادیاں  وغیرہ وغیرہ شامل ہیں.یہ  وہ خبریں ہیں جو " محفوظ ترین " ہیں ان بے مقصد خبروں کو عوام تک پہنچا نے اور انپر گھنٹوں بے مصرف "سر پٹھول " کرنے والے "گڈ اینکرز " پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں محفوظ زندگیاں گزارتے ہیں ، بہترین تنخواہیں ، قیمتی لباس ، مہنگی گھڑیاں اور " حسین "بنانے والی بیوٹیشنز سےرابطہ رکھتے ہیں یہ "گڈ طالبان " جیسے گڈ اینکرز طاقتور حلقوں کی چھپر چھاؤں تلے عوام میں جڑیں رکھنے والے ،ووٹ لینے والے منتخب نمایندوں کی کرپشن پرمیڈیائی تماشوں  میں  روزانہ ھی انگلیاں اٹھاتے ہیں مگر اپنی " بد ترین صحافتی کرپشن " پر نظر ڈالنا گوارہ  نہیں کرتے اگر ان گڈ اینکرز کو  سوشل  میڈیا پر بلوچستان کے جبری گمشدہ افراد ، توتک خضدار کی اجتماعی قبروں ، وزیرستان کے لٹےپٹے" مہاجرین " پرگولیاں برسانے والےقانون کے رکھوالوں اور  کراچی میں اندھیر مچانے والے بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز کی یاد دلائی جاۓ تو یہ آپ پر اپنےفیس بک  یا ٹویٹر اکاؤنٹ کے دروازے بند کرنے میں سیکنڈ نہیں لگاتے
دوسری طرف ہیں "برے صحافی " جو اپنے فرایض منصبی کو ہم تک پہنچآ نے کے لیے اپنی جانیں ھتیلی پر لیے  باجوڑ سے پنجگور اور لاڑکانہ سے خضدار تک موجود ہیں وہ اپنے فرایض کی انجام دہی کرتے ہوۓ انہی قتل گاہوں میں شہید ہو  جاتے ہیں اور انکی حاصل کی گئیں خبریں اکثر انہی کے ساتھ دفن کر دی جاتی ہیں
بدقسمتی سے وہ جو "تاریک راہوں میں مارے گیے " وہ کبھی نہیں جان پائیں گے کہ اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کے محفوظ اسٹوڈیوز میں بیٹھ کر زمانی بیگم سے لا یعنی  انٹرویوزلینا کسقدر فایدہ مند تھا........کسی چودھری یا  ملک صاحب
کے لیے اور انکو پر کشش تنخواہیں دینے والے،ریٹنگ کی بدنما دوڑ میں شامل چینلز اور میڈیا ہاوسز کے لیے


Reference :
1) www.cpj.org    
2)  www.pvndg.org


Sunday, November 8, 2015

جہالت میں داخلہ جاری ہے .....



 انکا اسکول سسٹم لاہور کے پوش علاقے میں تھا ، چہرے سے بردبار مسز ہمایوں کسی زمانے میں یقینا ''  بے حد حسین خاتون  رہی ہونگی  .تعلیم بھی بے مثال تھی اور اسکولوں کی لمبی چوڑی  چین کا نظم ونسق بھی کامیابی سےچلا رہی تھیں اکثر اسکول اوقات کے بعد بھی اسٹاف رومز ، خالی کلاسوں اور اسمبلی ہال کے چکر لگا کر تسلی کرتیں کہ دن کا انجام  بہترین رہا یا کوئی سقم رہ گیا ہے، بیوہ تھیں اور ایک اکلوتے بیٹے کی والدہ 
بورڈ آف ڈاریکٹرز کی میٹنگ میں انکے صاحبزادے  رضا ہمایوں سے ملنے کا اتفاق ہوا صورت میں تو والدہ کےہم پلہ  نہ تھے مگر طمطراق وہی تھا عمر شاید ٣٥ کے لگ بھگ تھی والدہ کے ساتھ اسکولوں کا نظم ؤ نسق سنبھالتے تھے تعلیم یافتہ تھے اور بات کرنے میں رعب دار تھے ہاں لفظوں کا استعمال بتا رہا تھا کہ تلخ کلامی کو برا نہیں جانتے 
یہ میری اسکول کی پرنسپل اور انکے بیٹے کے بارے میں پہلی راۓ تھی جو کچھ اتنی غلط بھی نہ تھی آپ اپنی پروفیشنل زندگی میں اکثر یہی کچھ باتیں نوٹ کرتے ہیں ظاہر ہے اس سے زیادہ کی آپکو ضرورت بھی نہیں پڑتی .دو تین ماہ بعد اسٹاف روم میں ھی سنی سنائی یہ تھی کہ صاحبزادے اپنے اکلوتے ہونے کا فایدہ گھر میں اٹھاتے ہیں اور اسکولوں کا ایڈمنسٹریٹر  ہونے کا گھر سے باہر ! کچھ لیڈی ٹیچرز نے مذاقا '' ، کچھ نے شرما کر اور کچھ نے ناراضگی سے محترم کا ذکر ایک دوسرے سے کیا مگر کسی نے بھی ان باتوں کو اہمیت نہ دی ، کیوں ؟ شاید اس لیے کہ کسی بھی کہانی کو رضا 
ہمایوں نے  کبھی طول  نہیں دیا اور خواتین ٹیچرز کی بھی شاید  اپنی کچھ  مجبوریاں تھیں

 پھر ایک روز یہ خبر بھی ہم تک پہنچی کہ مسز ہمایوں   پچھلے کئی ماہ سے رضا ہمایوں کے لیے لڑکی کی تلاش میں ہیں اور ہمیشہ کی طرح مشرقی ماؤں والا سین ہے یعنی موصوفہ "چاند کا ٹکڑ ا " اپنے گھر لانا چاہتی ہیں .حسین وجمیل لڑکی کا خاندان بھی اونچا اور امیر ؤ کبیر ہو ، تعلیم بھی کمال کی ہو کہتی تھیں کہ شوہر کی وفات کے بعد ایک لمبے عرصے سے گھر سنسان ہے لحاظہ  یقینی طور پر "شوخ ؤ چنچل " بہو چاہیے مگر شرافت میں یکتا ہو اور میرے بیٹے کے دل میں فورا  ھی گھر کر جانے والی عادتیں ہوں 
یہ ساری خصوصیات ایک ھی لڑکی میں ؟؟ اکثر ٹیچرز  انکی خیالی بہو پر انکے لیکچرز سن کر زیر لب مسکرا دیتی تھیں مگر پھر ایک روز یہ خوشخبری بھی اسٹاف روم تک پہنچ گئی کہ محترمہ کو اپنی "خوآبوں کی رانی " مل گئی ہے اور سواۓ ایک کمی کے باقی سب خصو صیا ت  آنے والی دلہن میں موجود ہیں .اور وہ کمی بھی کچھ ایسی بڑی نہ تھی یعنی انکے والد کا کم پڑھا لکھا ہونا ! یہ کسر بے انتہا دولت نے یوں بھی پوری کر دی تھی 

اسماء کے بارے میں پتہ چلا کہ موصوفہ کسی آسمانی حور سے کم نہیں، تعلیم بھی اچھی ہے ، اکلوتی اور لاڈلی ہیں  امیر اور خاندانی ہیں ہاں والدہ کی کمی ہے جسکو مسز ہمایوں پورا کرنے کی کوشش کرنے کا وعدہ کر کے بات پکی کر آئیں اور اسٹاف روم میں مٹھائی کا دور بھی چلتا رہا اور کچھ ٹیچرز کی ناراض بھنبھناہٹ بھی آتی رہی جس نے چاۓ کی گرمی کو دو چند کر دیا تھا قصہ مختصر کہ چٹ منگنی پٹ بیاہ کے مصداق اسماء اوررضا  ہمایوں کی شادی خانہ آبادی بے خیر وخوبی انجام پائی اور ہم نے اسماء کے بارے میں جو سنا تھا اس سے بہت بڑھ کر محترمہ کو پایا . حسین ترین تھیں اوران میں  تمیز و  تھذیب بھی اچھی خاصی مقدار میں پائی جاتی تھی.پرنسپل صاحبہ کے بیٹے اور اسماء کی جوڑی کو دیکھ کر یہ یقین کرنے کو دل چاہا کہ "جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں " اگر زمین پر بنتے تو اتنے بے جوڑ نہ ہوتے

 شادی کے بعد ایک دو ہفتے کے لیے مسز ہمایوں اپنی بہو کے حسن و ادا اور خوش ا خلاقی کے گن گاتی رہیں مگر کبھی کبھی طنز ''بہو کی ذات ،اسکے لاڈلے اور اکلوتے ہونے پر تیر چلا جاتیں ٹیچرز انکی باتوں کو "ایک ساس" کا روایتی روپ سمجھ کر ٹال جاتیں .ایک ڈیڑھ مہینے بعد ٹیچرزکا ایک گروپ کسی ضروری کیمپین کے لیے چھٹی کے دن مسز ہمایوں  کے  بنگلے پر پہنچا  انہوں نے ہمارا استقبال کیا اور ملازمہ کوکہہ کر بہو کو بلوایا مگر باتیں اور چاۓ ختم ہوگئیں بہو صاحبہ تشریف نہ لائیں .مسز ہمایوں نے تیسری بار ملازمہ کو آواز دی اور کہا باجی کو کہو مہمانوں کو آکر سلام کریں یہ  جانے والے ہیں جس پر مزید بیس منٹ کے بعد اسماء کمرے میں داخل ہوئیں سادہ سے لباس میں ملبوس اور گھونگٹ نکالے ہوئے اس نے بہت ھی دبئی ہوئی آواز میں ہمیں آسلام علیکم کہا !ہم نے سلام کا جواب تو دیا مگر آج کی اسماء میں  اور شادی کے روز جس اسماء کو ہم سب ملے تھے اس میں زمین آسمان کا فرق تھا خاص طور پر اسکے 
.اعتماد "  میں خاصی کمی واقع ہوچکی تھی " 

کیسی ہیں آپ ، سارا دن کیا مصروفیات رہتی ہیں ؟ ہماری کولیگ نے ماحول کو "زندہ "کرنے کی کوشش کی جوکافی خاموش محسوس ہورہا تھا اسماء کی مری مری سی آواز نکلی" بس ایسے ھی دن گزر جاتا ہے" اس تمام عرصے میں وہ گھونٹ نکال کر بیٹھی رہی مسز ہمایوں کے چہرے پر البتہ کوئی ایسی نشانی نہ تھی کہ پتہ چل سکے ماجرا کیا ہے نہ وہ خاص پریشان تھیں نہ ھی خوش 

البتہ اسماء کے چہرے پر سے گھونگٹ کچھ لمحوں کے لیے سرکا تو کافی گہرا نیل تھا جو ہم میں سے کچھ نے دیکھ لیا   وہاں تو بات کرنا ناممکن تھا مگر واپسی میں ہم آپس میں اس بات پر بہت رنجیدہ رہے کہ اتنی اچھی،پڑھی لکھی   خوبصورت اور امیر خاندان کی بہو لانے کے باوجود مسز ہمایوں اسماء کو وہ مقام نہیں دے سکیں جو اسکا حق تھا ساتھ ھی ساتھ ہمیں اس بات پر کافی حیرت تھی  کہ انکے پڑھے لکھے بیٹے نے ایسی حرکت کیوں کی 

خیر کچھ دن میں یہ کہانی بھی کھل کر سامنے آگئی جب ایک سینئیر ٹیچر نے مسز ہمایوں سے کرید کرید کر پوچھ ھی لیا کہ ماجرا کیا تھا اور یہ سن کر سب کو ھی دکھ ، افسوس ، رنج اور حیرت بھی ہوئی کہ اپنی حسین بیوی پر ہاتھ اٹھانے والا رضا ہمایوں تھا تو اسکو اس قبیح کام پر مجبور کرنے والی اسکی " پڑھی لکھی "نام نہاد "ورکنگ وومن " والدہ صاحبہ تھیں جن کے خیال میں اسماء کا حسن ،رضا اور اسکے مستقبل کے لیے خطرہ بن سکتا تھا اور اپنی مردانگی کو منوانے کے لیے اسماء پر ہاتھ اٹھا نا اور اکثر اٹھا نا ضروری تھا .بقول پرنسپل صاحبہ  انکے  مرحوم شوہر نے بھی مسز ہمایوں کے حسن ؤ جمال کی اسی طرح " چوکیداری " کی تھی اور اچھی بری نظروں سے اپنی منکوحہ کو بچا نے کے لیے اسکے حسین چہرے کو نیلو نیل کر نے  کا "خاندانی " ٹوٹکا استعمال کیا تھا اور اب محترمہ اور انکے نالایق صاحبزادے بھی یہی ٹوٹکا  استعمال میں لارہے ہیں 

ہوسکتا ہے آج کے دور میں اسماء نے کچھ عرصے بعد علم بغاوت اٹھا لیا ہو اور مسز ہمایوں پارٹ 11 بنے رہنے سے انکار کر دیا ہو مگر ہر دو  صورتوں میں دکھ اور تکالیف اسماء جیسی باوقاراور خاندانی لڑکی کو ھی اٹھانی پڑی ہوگی   
آ پ سوچیں کہ ہم نے اپنے معاشرے کو کس قدر جہالت پر قائم رکھا ہوا ہے یعنی جس معاشرے کے پڑھے لکهے ،اسکول  کالجز چلانے والے اسطرح کی  گھٹیا اور مجرمانہ سوچ رکھتے ہونگے وہ بچوں ، بچیوں کو کیا تعلیم ؤ تربیت دیتے 
ہونگے ؟ آج کی نسل اور آنے والی نسلیں ہمارے بوسیدہ دماغوں سے کیا سیکھیں گی ؟ کیا ہم وہی گدھے ہیں جن کا ذکر خالق حقیقی نے قران پاک  میں کیا جو کتابیں  اٹھاتے ہیں مگر کتابوں کو سمجھتے نہیں